اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پر فیصلہ جلد سنایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے 11 اکانٹس کو غیر قانونی قرار دے کرلاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اور وزیر اعظم عمران خان کے سابق قریبی ساتھی اکبر ایس بابر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے اور اسکروٹنی کمیٹی نے بھی چار سال لگائے اب اس کیس کی روزآنہ کی بنیادوں پر انکوائری ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ پی ٹی آئی نے 11 اکانٹس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی قرار دیا ہے جبکہ ان اکانٹس میں 23 ملین روپے آئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ اکانٹس کھولنے والوں میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر کے پی شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، میاں محمود رشید اور احمد رشید شامل ہیں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ پر دو ہزار اٹھارہ میں فیصلہ ہو سکتا تھا انہوں نے کہا کہ فارن فنڈگز کیس ملک کی سیاسی تاریخ کو بدل دے گا۔
