پشاور: گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا اس لیے وہ ناراض ہیں، ان کے بغیر حکومت بنی بھی ہے اور چلے گی بھی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ہو رہے ہیں اور اس سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئے گی۔
گورنر کے پی کا کہنا ہے کہ اگر پھولوں کا شہر بنا دیں اور تمام سہولتیں دے دیں تب بھی مخالفین تنقید کریں گے، 13 سال میں جو کچھ ہوا اس کو ٹھیک کرنے کے لیے موجودہ حکومت اقدامات کر رہی ہے، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا، ہم کام کر رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بہتر قانون ہوں گے اور صوبے کی بہتری کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر گورنر، سی ایم اور پی ایم کے لیے ہوتے ہیں، سرکاری کام کے لیے گیا تھا، کسی عیاشی کے لیے ہیلی کا استعمال نہیں کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومتوں نے پیسے لے کر پرمٹ دیے ہیں جبکہ آج تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں ہمارے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، ان کے لیے فارم بنایا جا رہا ہے اور ریڑھی بانوں کے لیے بھی اقدامات کریں گے اور مناسب جگہ فراہم کریں گے۔
گورنر خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ جو واقعات ہوئے ہیں ان کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، پولیو سے ہم متاثر ہو رہے ہیں، اس کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
