ہومپاکستانپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے، وزیراعظم کا مزید کمی کا عندیہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے، وزیراعظم کا مزید کمی کا عندیہ

لاہور (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاون لاہور میں وزیراعظم سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کی مد میں عام عوام کو بلاتفریق ریلیف احسن اقدام ہے جس سے براہ راست کروڑوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اس مثبت اقدام کو عوام الناس سراہا رہے ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی کوششوں کو بہت پزیرائی ملی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انشا اللہ ریلیف کے اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات سے ساری دنیا کی معیشتوں میں اتار چڑھا کی وجہ قیمتوں میں عدم استحکام ہوا ہے، مستقل امن ہوتے ہی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔