Saturday, February 14, 2026
ہومپاکستانمنحرف اراکین کے بعد طاقتور ترین بیورکریٹ شخصیت بھی حکومت کو الوادع کہنے کو تیار

منحرف اراکین کے بعد طاقتور ترین بیورکریٹ شخصیت بھی حکومت کو الوادع کہنے کو تیار

اسلا م آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے اپنی تعیناتی ورلڈ بینک میں کرانے کی سمری منظور کرا لی، سمری خفیہ طور پر منظور کرائی گئی ہے، اعظم خان دو سے تین سال تک ورلڈ بینک میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیشی اور ملک میں جاری سیاسی ہلچل کی وجہ سے ملک کے سب سے طاقتور بیورو کریٹ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے ملک سے روانگی کا پلان تیار کرلیا

ذرائع کے مطابق اعظم خان نے ورلڈبینک میں اپنی تعیناتی کیلئے سمری خفیہ طور پر منظور کرائی ہے،حکومت کے خاتمے کی صورت میں اعظم خان ورلڈبینک روانہ ہو جائیں گے،اس حوالے سے نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ اعظم خان دو سے تین سال تک ورلڈ بینک جا سکتے ہیں

یاد رہے اعظم خان کو عمران خان اور جہانگیر ترین کے در میان دوریوں کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے،اعظم خان کو راولپنڈی رنگ روڈ پروجیکٹ کے دوران زلفی بخاری اور دیگر حکومتی عہدیداران کی رخصی کی بھی وجہ سمجھا جاتا ہے،کئی مواقع پر اراکین اسمبلی بھی اعظم خان سے اظہار ناراضگی کر چکے ہیں۔

دوسری طرف معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے کہا ہے کہ اعظم خان کی ورلڈ بینک میں تعیناتی کی سمری فروری میں منظور ہوئی تھی ، اعظم خان اس موقع پر ملک نہیں چھوڑ رہے ،کچھ لوگ اس موقع کی مناسبت سے خبر کو غلط رنگ دے رہے ہیں ،اعظم خان دسمبر تک اپنی جگہ پر ہی رہیں گے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔