ریاض: سعودی فضائی دفاع نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کی بندرگاہ پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل جا گرا جس سے معمولی نقصان ہوا، تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اتحادی فورسز کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائل کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
قبل ازیں اتحادی فورسز نے جدہ اسلامی بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ایک ڈرون بھی روک کر تباہ کردیا، جبکہ ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا میزائل بھی تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے ریاض صوبے میں ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا تاہم بعدازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا۔
یہ حملے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثی حملے کے ایک روز بعد ہوئے ہیں، جس میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں 2 سعودی شہری اور 9 غیر ملکی باشندے شامل تھے۔
