ہومتازہ ترینپاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا، پاکستانی خلاباز کی خلائی اسٹیشن روانگی پر وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا، پاکستانی خلاباز کی خلائی اسٹیشن روانگی پر وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے شینزو24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے، یہ صرف ایک خلاباز نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنسدانوں اور ان کے خوابوں کا سفر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داد دونوں نے چین میں بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک بنے گا، جو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم اپنے برادر ملک چین کے شکر گزار ہیں جس نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان نہ صرف زمین پر قیام امن اور باہمی ترقی کے حوالے سے ہم آہنگ ہیں بلکہ اب خلائی سفر میں بھی ایک دوسرے کے ہم قدم ہیں، جو دونوں ممالک کی دوستی کی وسعت اور قربت کا اظہار ہے۔
وزیراعظم نے سپارکو، ان جامعات اور سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ساتھ خلا میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم نے ملک کے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑیں، محنت کرتے رہیں اور پاکستان پر یقین رکھیں، ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاعر علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو یہ تلقین کی تھی کہ انہیں ستاروں سے آگے جانا ہے اور کائنات میں چھپے راز دریافت کرنے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ یہ خواب آج پورا ہو رہا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یہ مشن نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جہاں ہمارا نوجوان دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کے بجائے دنیا کی رہنمائی کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔