ہومتازہ ترینجاپان کی جانب سے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کیلئے 4.3ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ کا اعلان

جاپان کی جانب سے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کیلئے 4.3ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ کا اعلان

اسلام آباد(سب نیوز)حکومتِ جاپان نے پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں مسلسل معاونت کے تحت پولیو سے بچاو کی ضروری ویکسینز کی خریداری کے لیے 4.3 ملین امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو اس رقم سے 2027 میں پولیو مہمات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدے گا۔پاکستان دنیا کے ان صرف دو ممالک میں شامل ہے جہاں وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ تاحال مکمل طور پر نہیں رکا۔ ملک میں پولیو وائرس کے پھیلا میں کمی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 31 رہ گئی، جبکہ 2026 میں اب تک 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 6 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے ہیں، جہاں بدامنی اور رسائی کی مشکلات ہر بچے تک ویکسین پہنچانے کی راہ میں اہم رکاوٹیں ہیں۔پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وائرس کی منتقلی کو ہر علاقے میں روکنے اور ہر بچے کو اس بیماری سے محفوظ بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس ناقابلِ علاج بیماری کے خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان نے اپنے شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت قومی ہنگامی لائحہ عمل 2026-27 تیار کیا ہے، جس کا مقصد 2027 کے اختتام تک پولیو وائرس کی منتقلی کا مکمل خاتمہ ہے۔

ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کی ہر مرحلے میں پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ہدف بنایا جاتا ہے، جبکہ 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کمیونٹیز تک رسائی اور ویکسین کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق نے کہا:حکومتِ جاپان کی یہ معاونت ایک ایسے اہم وقت پر فراہم کی جا رہی ہے جب پاکستان پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور اس قابلِ تدارک بیماری کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ جاپان کے تعاون سے فراہم کی جانے والی ویکسین کی ہر خوراک ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے مزید قریب لے جاتی ہے۔ ہم پولیو کے خاتمے اور ہر بچے کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کوششوں میں حکومت اور عوامِ جاپان کے مسلسل عزم اور شراکت داری پر ان کے شکر گزار ہیں۔پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کی صحت کے شعبے کی ترجیحات کی حمایت جاری رکھنے کے جاپان کے عزم کا اعادہ کیا۔انھوں نے کہا جاپان 1996 سے پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں مسلسل تعاون کر رہا ہے اور اس سلسلے میں یونیسف سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل رکھتا ہے۔ آج دی جانے والی نئی گرانٹ، جس کی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھائی گئی ہے، پولیو سے پاک پاکستان کے ہمارے مشترکہ ہدف کے لیے جاپان کی مسلسل حمایت کا مظہر ہے۔ جاپان 2027 کے اختتام تک پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے پاکستان کے عزم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔دستخط شدہ نئی گرانٹ کے تحت پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو کو پولیو ویکسین کی خریداری اور ترسیل کے لیے اہم مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس سے پولیو وائرس کے پھیلا کو روکنے کی جاری کوششوں اور گزشتہ برسوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے یوسوکے شینوزاکی نے کہا کہ آئیے، ہم اس دن تک مل کر کام جاری رکھیں جب کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو۔ ہم حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم، مشکل حالات میں بھی کمیونٹیز کی خدمت جاری رکھنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی لگن، اور ہر بچے تک زندگی بچانے والی ویکسین پہنچانے کے لیے یونیسف اور دیگر تمام شراکت داروں کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔نئی مالی معاونت اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان کی جانب سے اب تک حاصل کی گئی پیش رفت کو آگے بڑھانے اور پولیو وائرس کی منتقلی کے مکمل خاتمے کے لیے درکار رفتار کو برقرار رکھنے کی غرض سے بین الاقوامی شراکت داری کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا:جاپان پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک مستقل اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے، اور یہ معاونت وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے ضروری معیاری ویکسینیشن مہمات کو جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یونیسف جاپان کی مسلسل شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنا کر ہم پاکستان کو پولیو سے پاک مستقبل کے مزید قریب لا سکتے ہیں اور کسی بھی بچے کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے۔حکومتِ جاپان پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں ایک دیرینہ شراکت دار ہے۔ 1996 سے اب تک جاپان نے یونیسف کے ذریعے گرانٹس اور قرضوں کی صورت میں 248 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی معاونت فراہم کی ہے، جس کا مقصد پولیو ویکسینیشن کی حمایت اور پاکستان کو پولیو سے پاک مستقبل کی جانب گامزن کرنے میں مدد دینا ہے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔