اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کے اشتراک سے ترجیحی تجارتی رسائی ڈیٹابیس کے حوالے سے ایک جامع آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کاروباری برادری کو پاکستان کے مختلف تجارتی معاہدوں کے تحت دستیاب ترجیحی تجارتی سہولیات سے آگاہ کرنا اور برآمد کنندگان کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مثر مواقع فراہم کرنا تھا۔ سیشن میں اسلام آباد کی کاروباری برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری ٹی ڈی اے پی شیریار تاج نے شرکا کو پی ٹی اے ڈی کے اغراض و مقاصد، افادیت اور عملی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیٹابیس پاکستانی برآمد کنندگان کو مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے تحت دستیاب رعایتی ٹیرف اور ترجیحی تجارتی سہولیات کی نشاندہی میں مدد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی ملکی برآمدات کے فروغ، بین الاقوامی تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے عالمی منڈیوں میں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر مسابقت بڑھانے اور برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے ٹی ڈی اے پی کی جانب سے اس اہم آگاہی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ کاروباری برادری کو دستیاب تجارتی سہولیات، ترجیحی ٹیرف اور مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے فوائد سے مکمل آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متعدد ممالک اور علاقائی تجارتی بلاکس کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کر رکھے ہیں، تاہم ان معاہدوں کے حقیقی فوائد اسی وقت حاصل کیے جا سکتے ہیں جب برآمد کنندگان ان سے مثر انداز میں استفادہ کرنے کے طریقہ کار سے واقف ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی اے ڈی جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کاروباری اداروں کو درست معلومات تک رسائی فراہم کرکے ان کی فیصلہ سازی اور عالمی منڈیوں میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ٹی ڈی اے پی کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کی استعداد کار بڑھانے اور برآمدی مواقع سے آگاہی کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ٹی ڈی اے پی اسحاق شنواری نے پی ٹی اے ڈی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس پر پاکستان کے مختلف ترجیحی تجارتی انتظامات کے تحت دستیاب رعایتی ٹیرف، قواعدِ منش اور متعلقہ تجارتی طریقہ کار کی معلومات یکجا فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں آزاد تجارتی معاہدے ، ترجیحی تجارتی معاہدے، علاقائی و کثیرالجہتی تجارتی انتظامات اور جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز جیسی یکطرفہ تجارتی سہولیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیٹابیس کے ذریعے برآمد کنندگان اپنی مصنوعات کے لیے دستیاب رعایتوں، متعلقہ شرائط اور مختلف منڈیوں تک ترجیحی رسائی کے تقاضوں کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔ٹی ڈی اے پی کے کنسلٹنٹ کمال شہریار نے شرکا کو ڈیٹابیس کے مختلف فیچرز، طریقہ استعمال اور عملی افادیت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے برآمد کنندگان اپنی مصنوعات کے لیے موزوں بین الاقوامی منڈیوں کا انتخاب زیادہ مثر انداز میں کر سکتے ہیں۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے ٹی ڈی اے پی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو ترجیحی تجارتی معاہدوں اور دستیاب برآمدی سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کی کمی اکثر برآمد کنندگان کو دستیاب تجارتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے سے محروم رکھتی ہے، لہذا ایسے تربیتی پروگرام کاروباری اداروں کی استعداد کار میں اضافے، تجارتی پیچیدگیوں میں کمی اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش میں معاون ثابت ہوں گے۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر سید عمران بخاری نے مثر انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیے اور مقررین و شرکا کے درمیان بامقصد تبادلہ خیال کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عمر حسین ملک، شعیب ظفر، ملک راشد طفیل، محمد خورشید، شاہد عباسی، ابرار الحق، عباس ہاشمی، سہیل چوہدری، اسرار مشوانی اور زوہیب ارشد ملک سمیت کاروباری برادری کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
