ہومپاکستانتھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر رونگ وُدھی ویرا بوتر نے 4 نومبر 2026 کو چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور آغا شہزیب درانی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
فریقین نے سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے، خصوصاً گندھارا تہذیب سے متعلق مذہبی و ثقافتی سیاحت اور طبی سیاحت (میڈیکل ٹورازم) کے فروغ کے ساتھ ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں روابط مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے معاملات میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا شہزیب درانی نے مختلف شعبوں میں تھائی لینڈ کی ترقی اور پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے قریبی تعاون اور روابط کو مزید مستحکم بنانا چاہیے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔