ہومپاکستانچوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے، خواجہ آصف

چوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہاکہ چوہدری سالک حسین ان کے لیے نہایت قابل احترام ہیں اور وہ ان کے بزرگوں کو بھی اپنے بزرگوں جیسی عزت دیتے ہیں، تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی محدود سیاسی سمجھ سے بالاتر ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ملک کو اس لعنت سے نجات دلانا وفاقی اور صوبائی سطح کی تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، جبکہ دونوں حکومتوں کی قیادت مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق اگر چوہدری سالک حسین کا یہ بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے سیاسی جگہ پیدا کرنا اور اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہے، تو پھر اس بیان کی سمجھ آتی ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مریم نواز جس انداز میں پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں اور صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جو نئے معیار قائم کر رہی ہے، وہ سیاسی مخالفین کے لیے ایک بہت مشکل چیلنج ثابت ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔