ہومپاکستانپاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم، اردو زبان اور تعلیمی روابط کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم، اردو زبان اور تعلیمی روابط کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر ایچ ای اٹادجان مولاموف نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، زبانوں کی تدریس، نصاب کی تیاری اور تعلیمی اداروں کے باہمی روابط کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اشک آباد میں قائم دولت محمد آزادی ترکمان نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ لینگویجز میں اردو زبان کے اساتذہ کی فراہمی کے معاملے پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ اس مقصد کے لیے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد کے ساتھ مفاہمت کی مجوزہ یادداشت (ایم او یو) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے آرکاداغ اسلامک یونیورسٹی اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان مجوزہ مفاہمت کی یادداشت پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس سلسلے میں ترکمانستان کے سابق مفتی یالکاپ ہوجاگولیوف کے حالیہ دورہ پاکستان کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اردو زبان کی تدریس، نصاب کی تیاری اور تعلیمی شراکت داری کے فروغ کے لیے نمل سمیت پاکستان کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون اور سہولت کاری کے لیے ایچ ای سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، مذہبی، علمی اور ثقافتی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعلیمی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔