لاہور(آئی پی ایس )پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سینے وی رتنے نے لاہور کی ممتاز کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد سری لنکا ایکسپو 2027 کو فروغ دینا اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ان ملاقاتوں میں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جویہ اور ڈپٹی ہائی کمشنر کرسٹی روبن بھی ہائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ملاقاتوں کے دوران لاہور کی کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔فریقین نے کاروباری روابط کو فروغ دینے، نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان تجارتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
سری لنکا ایکسپو 2027 کے فروغ کا مقصد پاکستانی کاروباری اداروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سری لنکا میں دستیاب کاروباری مواقع سے روشناس کرانا اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کو مستحکم کرنا ہے۔ یہ ملاقاتیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں مزید تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔
