اسلام آباد (سب نیوز): او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم (اے ایل ای سی ایس او ) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ولد عمار کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیم، سائنسی تحقیق اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں دونوں اداروں کے حکام نے شرکت کی اور طلبہ و محققین کے لیے مشترکہ تعلیمی پروگراموں، وظائف، جامعات کے درمیان شراکت داری اور علمی تبادلوں کے امکانات کا جائزہ لیا۔ شرکاء نے پاکستانی اور عرب جامعات و تحقیقی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، جامعات کی باہمی شراکت داری اور نوجوان ماہرین تعلیم و محققین کی تربیت کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں دونوں تنظیموں کے دفاتر میں رابطہ دفاتر قائم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی، جس کا مقصد باقاعدہ رابطوں، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنا ہے۔
اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور عرب دنیا کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کو قریب لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
او آئی سی کامسٹیک اور عرب لیگ کی تنظیم الیکسو کے درمیان تعلیم و تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
