ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم یوتھ پروگرام آئی سی سی آئی میں نوجوانوں کی سہولت کے لیے خصوصی دفتر قائم کرے گا: رانا مشہود

وزیراعظم یوتھ پروگرام آئی سی سی آئی میں نوجوانوں کی سہولت کے لیے خصوصی دفتر قائم کرے گا: رانا مشہود

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں ایک خصوصی دفتر قائم کرے گا، جس کا مقصد حکومت، نجی شعبے اور نوجوانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور آئی سی سی آئی کے ممبران و نوجوانوں کو روزگار، انٹرن شپ، تربیت، کاروبار اور دیگر مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ یہ دفتر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے کاروباری برادری اور نوجوانوں کے درمیان رابطے کا مثر ذریعہ بنے گا۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے جمعہ کو آئی سی سی آئی کے دورے کے دوران یہ اعلان کیا، جہاں انہوں نے نو منتخب قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبر کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹر کرکے اپنی ملازمتوں، انٹرن شپ، تربیتی پروگراموں، رہنمائی اور دیگر مواقع کی معلومات نوجوانوں تک پہنچانے کی ترغیب دی جائے گی۔ اس سے کاروباری اداروں کو باصلاحیت نوجوان افرادی قوت تک رسائی جبکہ نوجوانوں کو عملی تجربہ اور روزگار کے بہتر مواقع ملیں گے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام کے تحت 262.5 ارب روپے کی فنانسنگ نوجوانوں، نئے کاروباری افراد اور زرعی شعبے کے لیے دستیاب ہے۔ انہوں نے چیمبرز آف کامرس پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو قرضوں کے حصول، کاروباری منصوبوں کی تیاری اور درخواستوں کی تکمیل میں رہنمائی کے لیے سہولت کاری کا نظام قائم کریں۔ انہوں نے خواتین کی نوجوانوں کے لیے مختص قرضوں میں شمولیت بڑھانے اور کاروباری برادری سے خواتین کو روزگار، تربیت اور کاروباری مواقع فراہم کرنے میں تعاون کی اپیل بھی کی۔

انہوں نے معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کے لیے پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ، دانش اسکولز، پاکستان دانش اتھارٹی اور مجوزہ دانش یونیورسٹی سمیت مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کاروباری برادری سے “فرینڈز آف دانش” پروگرام میں تعاون کی اپیل کی تاکہ مستحق بچوں کی تعلیم میں مدد کی جا سکے۔

اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے نو منتخب آئی سی سی آئی صدر محمد زکریا اکبر ضیا، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، نائب صدر محمد وقاص خان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران محمد اسرار مشوانی، محمد نعمان اور رانا استحقار علی خان کو ہار پہنائے اور گلدستے پیش کرکے مبارکباد دی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آئی سی سی آئی کے صدر محمد زکریا اکبر ضیا نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر نوجوانوں کے روزگار، کاروبار اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبران کو نوجوانوں کے لیے ملازمتوں، انٹرن شپ، تربیت اور دیگر مواقع پیدا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

نائب صدر محمد وقاص خان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر مسز صدف عاصم عباسی نے بھی نوجوانوں کی ترقی اور چیمبر کے کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں رانا مشہود احمد خان نے آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے کونسل ممبران میاں اکرم فرید، چوہدری مسعود، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر مسز نگینہ خلیق اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔