نئی دہلی (آئی پی ایس )وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے نئی دہلی میں ایس سی اوسولائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سر زمین وادی سندھ اورگندھارا کی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے،اسلام آباد کے گردونواح میں بھی مختلف تاریخی تہذیبوں کے آثار موجود ہیں،پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اب ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے بھی بڑا خطرہ بن چکی ہے، 2022 کے تباہ کن سیلاب میں پاکستان میں تقریبا 1700 افراد جاں بحق ہوئے اور سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگست 2022 میں لاڑکانہ میں واقع موہنجودڑو کے تاریخی کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی،جس سے قدیم ورثے کو بھی خطرات لاحق ہوئے۔
