ملتان(سب نیوز) ائیرپورٹ پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون کو مبینہ جنسی استحصال کے لیے سعودی عرب بھیجنے کی کوشش ناکام بنادی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائیرپورٹ پرکارروائی کی، خاتون مسافر انیشہ بی بی کی نشاندہی پر امجد نامی ایجنٹ کوگرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق خاتون فلائٹ نمبر ایس وی 801کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جارہی تھی، امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون مسافر کو جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں خاتون کو جنسی استحصال کے لیے بیرون ملک بھجوانے کے شواہد برآمد ہوئے۔ خاتون کے موبائل فون، چیٹس اور ڈیجیٹل مواد سے جنسی استحصال کے مبینہ شواہد سامنے آئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دوران تفتیش جنسی استحصال کے نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات حاصل ہوئیں، خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث گینگ کا سرغنہ سعودی عرب سیگینگ چلا رہا تھا، ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں مسافر کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے، خاتون مسافرکے موبائل فون اور دیگر موادکو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ خاتون مسافرکو ایجنٹ سمیت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا۔ نیٹ ورک میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
