ہومپاکستاناسلام آباد اور پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد اور پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رینجرز اور پولیس کو پرتشدد حملوں کی صورت میں دفاعی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں رینجرز اور پولیس کو کسی بھی پرتشدد سرگرمی سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ جبکہ رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی معاونت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔قبل ازیں حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت سے صوبے کے مختلف شہروں میں رینجرز تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔
رینجرز کے دستوں کی تعیناتی کے لیے حکومت پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھا تھا جس میں راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں تعیناتی کے لیے رینجرز کے دستے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات ہوں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیاں، اٹک میں 5 ونگز، جبکہ جہلم اور میانوالی میں ایک ایک کمپنی تعینات ہو گی۔ترجمان نے واضح کیا کہ رینجرز کی تعیناتی کے لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں منظوری دی گئی جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کے لیے لکھا گیا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔