ہومبریکنگ نیوزآسٹریلیا ویزہ فراڈ: ایف آئی اے کی کارروائی، ملزم گرفتار، 2 لاکھ 77 ہزار 635 روپے برآمد

آسٹریلیا ویزہ فراڈ: ایف آئی اے کی کارروائی، ملزم گرفتار، 2 لاکھ 77 ہزار 635 روپے برآمد

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی تحقیقاتی ادارے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے آسٹریلیا کا ویزہ دلانے کے نام پر فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق کارروائی انکوائری نمبر 644/2024 کی تکمیل کے بعد درج مقدمے کے تحت عمل میں لائی گئی۔

تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ملزم نے شکایت کنندہ سے آسٹریلیا کا ویزہ فراہم کرنے کے بہانے 2 لاکھ 77 ہزار 635 روپے وصول کیے، تاہم نہ ویزہ فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے دوران شکایت کنندہ سے وصول کی گئی مکمل رقم 2 لاکھ 77 ہزار 635 روپے برآمد کر لی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کیس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔

مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کہا ہے کہ ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔