اسلام آباد(آئی پی ایس )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ حکومت نے عوام کو حقیقی ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی اکتوبر میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ ختم نہیں بلکہ صرف روکا گیا ہے اور پرامن مزاحمت کا سفر جاری رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے 2 ماہ سے زائد عرصے سے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن مزاحمت نے عوام کو بیدار کیا ہے اور جس لیوی کے بارے میں پہلے کسی کو علم نہیں تھا، اب وہ بچے بچے کی زبان پر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ پیٹرول سستا نہ ہونے کی صورت میں ملکی معیشت تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے براہ راست ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے حکومتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لیوی کا پیٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں، یہ محض عوام سے آسانی سے ٹیکس وصول کرنے کا ذریعہ ہے۔
