اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبر کے مقاصد کو عملی اقدامات میں ڈھالنے اور کاروباری برادری کی خدمت کے لیے اسٹینڈنگ کمیٹیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ آئی سی سی آئی کی کامیابیاں کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ایگزیکٹو کمیٹی، اسٹینڈنگ کمیٹی کنوینرز، ممبران اور عملے کی اجتماعی محنت، باہمی تعاون اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔
وہ چیمبر ہاس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سردار طاہر محمود نے آئی سی سی آئی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کنوینرز، سیکریٹری جنرل اور عملے کے ارکان میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں شیلڈز تقسیم کیں۔ تقریب میں صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری کو بھی ان کی قیادت اور چیمبر کے لیے خدمات کے اعتراف میں شیلڈز پیش کی گئیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے فانڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی، اعتماد اور حوصلہ افزائی نے قیادت کو اہم اقدامات اٹھانے میں مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اقدام سے قبل اس کے میرٹ، ممکنہ مشکلات اور نتائج کا جائزہ لیا گیا، جبکہ شیخ طارق صادق نے ہمیشہ آئی سی سی آئی اور کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری اقدامات کے لیے ضروری تعاون اور اعتماد فراہم کیا۔
