ہومپاکستانعالمی یومِ امن، پاکستان کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر زور

عالمی یومِ امن، پاکستان کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر زور

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان نے عالمی یومِ امن کے موقع پر عالمی امن و سلامتی کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ مذاکرات، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مثر، جامع اور کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے عزم پر قائم ہے، جس کے مرکز میں اقوام متحدہ ہو۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری، بین الاقوامی قانون کا احترام اور تنازعات کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پرامن ذرائع اختیار کرنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
پیغام میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں طویل عرصے سے نمایاں فوجی دستے فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنے عزم کا عملی مظاہرہ کرتا رہا ہے۔پاکستان تنازعات کی روک تھام اور حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی جامع حکمت عملی کی مسلسل حمایت کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سمیت تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات اسی عزم کا اظہار ہیں۔ان کے مطابق گزشتہ سال سلامتی کونسل کی پاکستانی صدارت کے دوران پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا متفقہ طور پر منظور ہونا بھی تنازعات کے پرامن حل کے طریقہ کار کو مزید مثر بنانے کے لیے سلامتی کونسل کے عزم کی اہم تجدید ہے۔
پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ حل طلب تنازعات علاقائی اور عالمی عدم تحفظ کو بڑھاوا دیتے ہیں، جبکہ پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار جاری رہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہو۔نائب وزیراعظم کے مطابق یہ صورتحال بالخصوص غیر ملکی قبضے کے معاملات میں نمایاں ہے، جن میں بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال شامل ہے۔پاکستان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ ایک پرامن اور خوشحال دنیا کے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔