اسلام آباد(سب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت اور اختیارات کی تقسیم کا آئینی نظام قانون کی حکمرانی اور آئینی نظم و نسق کے بنیادی اجزا ہیں جبکہ مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آئینی حکمرانی کے فروغ کے لئے معاون کردار ادا کرتے ہیں۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس 2027 کے 123 رکنی وفد سے سپریم کورٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔
وفد کی قیادت چیف انسٹرکٹر میجر جنرل محمد شہزاد خان نے کی۔ وفد میں مسلح افواج اور سول سروسز کے افسران، فیکلٹی ارکان جبکہ دوست ممالک کے 27 شرکا بھی شامل تھے۔چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارلیمانی جمہوریت کی نمایاں خصوصیات اور اختیارات کی سہ فریقی تقسیم کے آئینی تصور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئینی حکمرانی اور قانون کی حکمرانی کے لئے مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے باہمی تکمیلی کردار کو واضح کیا۔انہوں نے عدالتی نظام کی درجہ بندی اور مختلف عدالتوں کے دائرہ اختیار سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔چیف جسٹس نے ادارہ جاتی رابطہ کاری اور عدالتی شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی اعلی ترین عدالتی پالیسی فورم ہے۔
انہوں نے عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی سہولت اور انصاف تک رسائی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جن میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی، ای لائبریریز، صاف پینے کے پانی اور عدالتوں سے رجوع کرنے والی خواتین کے لئے بہتر سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے صنفی حساسیت پر مبنی انصاف کے اقدام 2026-27 پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے خواتین کے لئے قائم کئے جانے والے سہولت مراکز کی اہمیت اجاگر کی، جہاں خواتین سائلین کو ایک ہی چھت تلے ضروری سہولت اور معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
چیف جسٹس نے وفد کے ارکان کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی کی جس میں آئینی حکمرانی، عدالتی اداروں اور جاری اصلاحات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں وفد نے سپریم کورٹ میوزیم اور عدالت سے منسلک مصالحتی مرکز کا دورہ کیا اور عدالتی ریکارڈ، تاریخی دستاویزات اور ادارے کی تاریخ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان اور وفد کے سربراہ کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔
پارلیمانی جمہوریت اور اختیارات کی تقسیم کا آئینی نظام قانون کی حکمرانی اور آئینی نظم و نسق کے بنیادی اجزا ہیں، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
