ہومپاکستانجماعت اسلامی کے سپر لانگ مارچ کا کراچی سے آغاز، لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

جماعت اسلامی کے سپر لانگ مارچ کا کراچی سے آغاز، لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

کراچی /اسلام آباد (سب نیوز)پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ کراچی سے بذریعہ ٹرین اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا۔کراچی سے سپرلانگ مارچ بذریعہ ٹرین رحمان بابا ایکسپریس حافظ نعیم الرحمن اور منعم ظفر خان کی قیادت میں کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمت عملی کے مطابق لوگ اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عوام بدترین اذیت میں ہیں، سفید پوش لوگ اپنی زندگی کسمپرسی میں گزارنے پر مجبور ہیں، حکومت اپنی بیڈ گورننس کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی کا بھتہ ختم ہونا چاہیے، حکومت نے عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ کیا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کے مطابق اس سپر ٹرین مارچ کا حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ اور محراب پور اسٹیشنز پر والہانہ استقبال کیا جائے گا۔روہڑی سے یہ کاروان رحیم یار خان اور بہاولپور کے ریلوے اسٹیشنوں سے ہوتا ہوا ملتان کے لیے روانہ ہوگا، جہاں مختلف اسٹیشنز پر اس کا استقبال کیا جائے گا۔ ٹرین مارچ کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمان ملتان میں بھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔شیڈول کے مطابق، ٹرین مارچ کے اختتام کے بعد 22 ستمبر کو روڈ کارواں ملتان سے لاہور کے لیے روانہ ہوگا، جبکہ 23 ستمبر کو سپر لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرے گا۔سندھ کے علاقے حیدرآباد پہنچنے پر مقامی کارکنوں کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھول نچھاور کیے گئے، اس موقع پرانہوں نے استقبال کرنے والے کارکنوں اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔

ریلوے سٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے تحریک شروع کی ہے، امید ہے تمام قافلے اب اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے، ہمارا کوئی ذاتی یا جماعتی ایجنڈا نہیں، ہم عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے میں 135 روپے لیوی شامل ہے،عالمی مارکیٹ کے حالات بہتر ہوں تو پٹرول کی قیمت 200 روپے سے بھی نیچے آسکتی ہے، پٹرولیم لیوی کا عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی معاشی خرابی کا تعلق حکمرانوں کی عیاشیوں سے ہے، مراعات یافتہ طبقہ اپنی سہولتیں چھوڑنے کو تیار نہیں، یہ ظلم کا نظام ہے جس میں امیر اور غریب پر برابر ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹیم مذاکرات کے لیے آتی ہے لیکن عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہوتا، حیدرآباد میں دھرنا 29 روز سے جاری ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے لوگ اسلام آباد کی طرف چلنا شروع ہوگئے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ کا قافلہ آج روہڑی تک جائے گا۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ یہ نظام نہیں چلے گا، جماعت اسلامی عوام کے حق کی ترجمانی کرتی رہے گی، انہوں نے احتجاج میں شریک خواتین اور دیگر شرکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔