ہومپاکستانالیکشن کمیشن کی ارکان اسمبلی کو اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کیلئے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن

الیکشن کمیشن کی ارکان اسمبلی کو اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کیلئے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن

اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے مالی سال 2025-26 کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2026 مقرر کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے، شریک حیات اور زیرکفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے مقررہ فارم بی پر 31 دسمبر 2026 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کے نام یکم جنوری کو پریس ریلیز کے ذریعے شائع کیے جائیں گے۔
15جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت 16 جنوری کو معطل کردی جائے گی اور گوشوارے جمع کرانے تک وہ پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اگر کوئی رکن اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں کے لیے فارم بی اور متعلقہ ہدایات الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینیٹ سیکریٹریٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریٹس سے مفت حاصل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔