ہومپاکستانصدر زرداری کی برازیل کے یومِ آزادی پر مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

صدر زرداری کی برازیل کے یومِ آزادی پر مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے برازیل کے یومِ آزادی کے موقع پر برازیل کے صدر لوئیز اِناسیو لولا دا سلوا، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے برازیلی عوام کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ اپنے گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کے دو اہم ممالک ہونے کے ناطے پاکستان اور برازیل کے درمیان ایک مضبوط اور متنوع شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، خصوصاً تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و لائیو اسٹاک، غذائی تحفظ، سائنس و ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، موسمیاتی اقدامات، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

صدر زرداری نے صدر لولا دا سلوا کی جانب سے قوانین پر مبنی، منصفانہ اور عادلانہ بین الاقوامی نظام کے لیے اصولی مؤقف کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر لولا نے بین الاقوامی قانون کے احترام، تنازعات کے پرامن حل، مؤثر کثیرالجہتی نظام، عالمی حکمرانی کے اداروں میں اصلاحات اور ترقی پذیر ممالک کی مضبوط آواز کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔

انہوں نے برازیل کے مکالمے، پائیدار ترقی اور جنوبی-جنوبی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار کو ایک زیادہ نمائندہ، جامع اور پرامن بین الاقوامی نظام کے قیام کے لیے اہم قرار دیا۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر برازیل کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

صدر آصف علی زرداری نے اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دوستی اور تعاون مزید گہرا اور مضبوط ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔