ہومبریکنگ نیوزجو کام نہیں کر رہا اس کو فوری نکالیں، مصطفیٰ کمال کی پمز دورے میں ہدایت

جو کام نہیں کر رہا اس کو فوری نکالیں، مصطفیٰ کمال کی پمز دورے میں ہدایت

اسلام آباد:وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز)اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے کارڈیک سینٹر اورآئی سی یو کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے کارڈیک سینٹر میں الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب کا جائزہ لیا،انہوں نے زیرعلاج مریضوں سے مشکلات دریافت کیں ، عملے کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا۔
مصطفیٰ کمال نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جو کام نہیں کر رہا اس کو فوری طور پر ملازمت سے نکالیں،نظام کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر صحت نے نئے ای ڈی پمز ڈاکٹر سلمان کوہدایت کی کہ اپنا کام جلد مکمل کریں،آپ کو 4 دن ہوگئے ہیں، انہوں نے کارڈیک سینٹرمیں بیڈز کی کمی کی شکایت کا بھی نوٹس لیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوگوں کی زندگی کا معاملہ ہے،اب خود پمز کا دورہ کیا کروں گا،ڈاکٹرزمریضوں کے ساتھ تلخ رویہ نہ اپنائیں ،باہر سے لوگ لائیں اور ڈاکٹرز کو سکھائیں کہ مریضوں کے ساتھ کیسا رویہ رکھنا ہے۔
وفاقی وزیرصحت نے پمز کارڈیک وارڈ کے پرائیویٹ رومز کی زبوں حالی پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ دیواریں خراب ہیں اور آپ صرف اوپر سے رنگ کر رہے ہیں۔
بعدازاں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے آئی سی یو کا دورہ کیا جہاں ڈاکٹرز نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ ڈاکٹرزنے شکایات کیں کہ پمز آئی سی یو میں صرف 10 بیڈز موجود ہیں،یہاں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں۔
ڈاکٹرزنے وفاقی وزیر صحت سے مکالمہ کیا کہ شکایات کے باوجود نئے بیڈز فراہم نہیں کیے گئے،آئی سی یو کی تمام چیزیں ناکارہ ہو چکی ہیں،ہنگامی صورتحال میں آگ بجھانے کے لیے صرف سلنڈر ہی استعمال کر سکتے ہیں،عملے کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ جو کام نہیں کر رہا اسے فوراً نکالیں، فیصلے نہ کرنے سے پورا نظام خراب ہو رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نااہل لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کریں، اسپتال میں ہمارا کوئی رشتہ دار نہیں لگا ہوا،پمز انتظامیہ روزانہ 10، 10 کر کے نااہل عملے کو نوکری سے فارغ کرے،فارغ کیے گئے نااہل عملے کی جگہ فوری طور پر قابل افراد کو بھرتی کیا جائے۔
وزیرصحت کا ای ڈی پمز سے مکالمہ
مصطفیٰ کمال نےای ڈی پمز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کا نظام سمجھنے کے لیے 6 ماہ نہیں ملیں گے، فوراً کام کریں،اسپتال کی مرمت اور دیکھ بھال کے کام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے۔

انتظامیہ کام نہ کرنے والوں پر ایکشن لے کر مجھے بھیجے، میں خود نوکری سے نکالوں گا،پمز انتظامیہ ایک صفحے پر اسپتال کا نیا انتظامی ماڈل اور اختیارات کی منتقلی کی تجاویز لکھ کر دے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔