ہومتازہ ترینسرکاری اراضی کی منتقلی یا فروخت پر وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری لازمی قرار

سرکاری اراضی کی منتقلی یا فروخت پر وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری لازمی قرار

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی حکومت نے وزارتوں، ڈویژنز، سرکاری اداروں اور خودمختار اداروں کی ملکیتی اراضی کی منتقلی یا کسی بھی نوعیت کے تصرف پر اہم ہدایات جاری کردیں۔کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے 18 اگست 2026 کو جاری مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی وزارت، ڈویژن، سرکاری ملکیتی ادارے، خودمختار ادارے، منسلک محکمے، ماتحت دفتر، ایجنسی یا دیگر ادارے کی ملکیتی زمین وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر کسی صورت منتقل یا کسی اور طریقے سے تصرف میں نہیں لائی جائے گی۔

کابینہ ڈویژن نے یہ ہدایات تمام وفاقی سیکریٹریز اور ایڈیشنل سیکریٹریز (انچارج)کو بھجواتے ہوئے اپنے انتظامی دائرہ اختیار میں آنے والے تمام سرکاری اداروں سے سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ دستاویز کے مطابق وزارتِ داخلہ و انسداد منشیات نے 19 اگست کو مذکورہ ہدایات مزید متعلقہ اداروں کو ارسال کیں، جن میں چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی سی ٹی انتظامیہ اور دیگر ادارے شامل ہیں بعد ازاں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے )کے ڈائریکٹوریٹ آف کوآرڈینیشن نے 25 اگست کو یہ مراسلہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرلز اربن پلاننگ، اسپیشل پلاننگ، لینڈ اور دیگر متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کے لیے بھجوا دیا۔ حکومتی ہدایات کے بعد وفاقی اداروں کی ملکیتی اراضی کے کسی بھی ممکنہ انتقال، الاٹمنٹ یا دیگر تصرف کے معاملات میں وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری بنیادی شرط قرار دی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔