اسلام آباد(آئی پی ایس ) پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے احسن اقبال کو ہرجانہ ادا کرنے کے ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔عدالت میں دائر کی گئی اپیل میں 25 لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد نے 29 جولائی 2026 کو مراد سعید کو ہرجانے کی رقم احسن اقبال کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
مراد سعید نے اب اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ حتمی فیصلہ ہونے تک ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کیا جائے۔ درخواست میں مزید مقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ریکارڈ پر موجود ٹھوس حقائق اور شہادتوں کے منافی ہے۔مراد سعید نے اپیل میں مقف اپنایا کہ متعلقہ پریس کانفرنس سرکاری ریکارڈ اور ایف آئی اے سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔
اپیل میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے کیس میں عدالتی گواہان کے بیانات اور ایف آئی اے رپورٹ پر غور نہیں کیا۔ احسن اقبال اور ان کے گواہان نے خود اعتراف کیا کہ ان کی ساکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔مراد سعید نے اپیل میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے بدنیتی ثابت نہ ہونے کا اعتراف کیا، لیکن اس کے باوجود ان پر ہرجانہ عائد کردیا گیا۔ انہوں نے ہائیکورٹ سے ڈسٹرکٹ کورٹ کی ہرجانے کی ڈگری کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
