ہومپنجابسیرتِ مصطفیٰ ﷺ کو عملی زندگی کا دستور بنانا ہی جشنِ میلاد کا حقیقی تقاضا ہے: چودھری شفقت محمود

سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کو عملی زندگی کا دستور بنانا ہی جشنِ میلاد کا حقیقی تقاضا ہے: چودھری شفقت محمود

فتح جنگ (نامہ نگار)

تحصیلدار فتح جنگ چودھری شفقت محمود نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول ہمارے لیے عظیم سعادت اور بے مثال خوشی کا دن ہے، کیونکہ اسی بابرکت دن نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، امن اور حسنِ اخلاق کا کامل نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، مساوات، برداشت، رواداری، عدل و انصاف اور حقوق العباد کا ایسا جامع درس دیا جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے نفرت کے مقابلے میں محبت، انتقام کے مقابلے میں عفو و درگزر اور تقسیم کے مقابلے میں اتحاد و بھائی چارے کا راستہ دکھایا۔

چودھری شفقت محمود نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ منانے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں کا عملی دستور بنائیں۔ ہمارے معاملات، رویوں، گفتگو اور کردار میں رحم، شرافت، دیانت، انصاف اور دوسروں کے احترام کی جھلک نمایاں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرے سے نفرت، تعصب، ناانصافی اور انتشار کا خاتمہ اور محبت، امن اور بھائی چارے کا فروغ ممکن ہے۔

تحصیلدار فتح جنگ نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور شہریوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت دن ہمیں اپنے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید اجاگر کرنے اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کے پیغامِ رحمت و انسانیت کو عام کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔