ہومپنجابگراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی: چوہدری شفقت محمود

گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی: چوہدری شفقت محمود

فتح جنگ (نمائندہ خصوصی): اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے فتح جنگ شہر کے مرکزی بازار کا اچانک دورہ کیا اور مختلف دکانوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران انہوں نے پھل اور سبزی فروشوں سمیت دیگر دکانداروں سے مختلف اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء کی فروخت کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ تمام اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کی جائیں اور سرکاری نرخ نامہ دکانوں پر ایسی نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے جہاں صارفین باآسانی اسے دیکھ سکیں۔

اس موقع پر چوہدری شفقت محمود نے دکانداروں کو واضح الفاظ میں تنبیہ کی کہ گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور صارفین سے مقررہ نرخ سے زائد وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بازاروں میں قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ مناسب اور مقررہ نرخوں پر دستیاب رہیں۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری نرخ نامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

چوہدری شفقت محمود نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کو بھی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی یا ناجائز منافع خوری کی صورت میں ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے دورے کو شہریوں نے سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔