ہومتازہ ترینآسٹریلوی ہائی کمشنر کا دورہ راولپنڈی چیمبر،تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ پر زور

آسٹریلوی ہائی کمشنر کا دورہ راولپنڈی چیمبر،تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ پر زور

راولپنڈی(سب نیوز) پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر عثمان شوکت اور نائب صدر فہد برلاس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈائریکٹر ٹریڈ اینڈ ایجوکیشن اظہر شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔صدر عثمان شوکت نے ہائی کمشنر کو راولپنڈی چیمبرکی اہم سرگرمیوں، بڑے ایونٹس اور آئندہ کے پروگراموں سے آگاہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے چیمبر کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جواہرات و کان کنی، زراعت و لائیو اسٹاک، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ٹموتھی کین نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عوامی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے فوڈ سیکیورٹی، آبی انتظام، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور تعلیم کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات پر زور دیا۔ہائی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت آسٹریلیا میں 22,000 سے زائد پاکستانی طلبہ آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلیمی اور عوامی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے زراعت کے شعبے میں چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تعاون کو بھی دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

ہائی کمشنر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2.6 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جو تجارتی تعلقات میں بڑھتی ہوئی مضبوطی اور مزید اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات کو ظاہر کرتی ہے۔صدر عثمان شوکت نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط، سرمایہ کاری میں سہولت اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دے کر آسٹریلیا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دی جا سکتی ہے، جس سے دونوں ممالک کے کاروباری افراد اور کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔