اسلام آباد(سب نیوز)
پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے لیے حج پورٹل کے ذریعے عازمین حج سے واجبات کی وصولی کا باقاعدہ آغاز گذشتہ رات کر دیا گیا ہے، وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم سے متعلق بکنگ، کمپنی اور حج پیکیج کے انتخاب سمیت تمام مالی معاملات صرف وزارت کے مجاز ڈیجیٹل نظام، حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے انجام دیے جائیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کردہ حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین گھر بیٹھے مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب اور اپنی پسند کے حج پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ واجبات کی ادائیگی بھی آن لائن اسی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا سکے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کسی بھی حج منظم کمپنی کو عازمین حج سے براہ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عازمین حج کسی بھی کمپنی یا فرد کو نقد رقم، چیک یا کسی غیر مجاز ذریعے سے ادائیگی کرنے سے گریز کریں اور مالی لین دین صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کریں۔
وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ غیر مجاز ایجنٹوں یا افراد کو براہ راست رقم ادا کرنے والے عازمین حج اپنے مالی نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ فراڈ اور جعلسازی سے محفوظ رہنے کے لیے صرف وزارت مذہبی امور کے مجاز ڈیجیٹل نظام سے رجوع کریں۔
ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج واجبات کی وصولی کا پورا عمل شفاف انداز میں وزارت مذہبی امور کی نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے عازمین کو کمپنی اور پیکیج کے انتخاب سے لے کر واجبات کی ادائیگی تک ایک محفوظ اور باقاعدہ ڈیجیٹل سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ پرائیویٹ حج سکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ عازمین بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی اور مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں، جبکہ پرائیویٹ حج سکیم میں نئی رجسٹریشن کا عمل بھی حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027ء کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کا مجموعی کوٹہ 71 ہزار 696 نشستیں مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت نے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ کسی غیر مجاز ایجنٹ کے جھانسے میں آنے کے بجائے صرف سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کریں تاکہ حج کے سفر کے لیے ان کی رقم اور بکنگ محفوظ رہ سکے۔
