لندن (آئی پی ایس )برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے والوں اور اس سرگرمی میں ملوث منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی، جبکہ ذمہ دار افراد سے غیر قانونی ڈمپنگ کی صفائی پر آنے والے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔اینڈی برنہم نے یہ اعلان ویسٹ یارکشائر میں غیر قانونی طور پر کچرا پھینکے جانے کے ایک مقام کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے بریڈفورڈ ویسٹ کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات میں علاقے کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم غیر قانونی کچرا پھینکنے اور رات گئے آتش بازی کے باعث پیدا ہونے والے شور اور عوامی خلل کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔ناز شاہ نے وزیراعظم کو اپنے حلقے کے رہائشیوں کو درپیش مشکلات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ کے خلاف مثر اور مستقل کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی آبادی کو اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ملاقات کے دوران رات گئے آتش بازی اور پائروٹیکنکس کے استعمال کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ناز شاہ نے کہا کہ رات کے اوقات میں ہونے والی آتش بازی کے باعث کئی علاقوں کے رہائشی شور، نیند میں خلل اور دیگر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس مسئلے کو پہلے بھی حکومت کے سامنے مسلسل اٹھاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی اپنے حلقے کے عوام کے مسائل اور مطالبات مثر انداز میں حکام تک پہنچاتی رہیں گی۔ناز شاہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ آتش بازی اور پائروٹیکنکس سے متعلق حکومت کی جانب سے جاری مشاورت میں اپنی رائے ضرور شامل کریں اور اپنے تجربات و تحفظات حکومت تک پہنچائیں تاکہ اس مسئلے کے حل کے لیے مناسب اقدامات کیے جاسکیں۔
اینڈی برنہم نے کہاکہ حکومت نے ویسٹ کرائم کے خلاف زیادہ مربوط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نیشنل کرائم ایجنسی کو ماحولیاتی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کچرے کے بڑے ڈمپنگ کے بعض واقعات کے پیچھے منظم جرائم پیشہ گروہوں کا ہاتھ ہوتا ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی ایسے گروہوں اور ان سے وابستہ نیٹ ورکس کے بارے میں انٹیلی جنس جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار افراد کی نشاندہی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ تحقیقات سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت ان افراد سے غیر قانونی کچرے کی صفائی پر آنے والے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔اینڈی برنہم کا کہنا تھا کہ یہ کسی صورت قابل قبول نہیں کہ غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ کا مسئلہ مسلسل بڑھتا رہے اور بعد ازاں اس کی صفائی کا مالی بوجھ عوامی خزانے پر ڈال دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ غیر قانونی کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ابتدائی مرحلے میں ہی کارروائی کی جائے اور انہیں اپنے عمل کی مالی قیمت ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔ وزیراعظم نے واضح کیاکہ حکومت کا اصول بالکل واضح ہے کہ آلودگی پھیلانے والا ہی صفائی کے اخراجات ادا کرے گا۔ویسٹ یارکشائر اور بالخصوص بریڈفورڈ ویسٹ میں غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ اور رات گئے آتش بازی مقامی آبادی کے لیے اہم مسائل بنے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم اینڈی برنہم اور ناز شاہ کے درمیان ملاقات میں دونوں معاملات پر توجہ دیے جانے سے مقامی سطح پر ان مسائل کے حل کے لیے مزید حکومتی اقدامات کی توقع پیدا ہوئی ہے۔
