اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صحت کے معاملات میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہمارا کل اور آج بھی یہی مقف ہے۔ تحریک انصاف کے دور میں بھی صحت پر سیاست سے گریز کا مطالبہ کیا تھا، صحت کسی کی بھی ہو سکتی ہے، اس لیے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن صحت کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد بھی حکومت نے کوئی توہین آمیز رویہ اختیار نہیں کیا۔ صحت کے معاملے کو سیاست سے دور رکھا جائے، حکومت کا واضح مقف ہے اور حکومت آئین و قانون کی روشنی میں ہی تمام معاملات آگے بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کو خصوصی سہولت دینے سے استثنی کا تاثر نہیں ملنا چاہیے۔ ریویو درخواست میں بھی یہ سوال پوچھا گیا ہے کہ کیا یہی سہولت ہر قیدی کو میسر ہے؟ ریویو کے گرانڈز قوم کے سامنے ہیں، کسی کو خصوصی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ہر قیدی کے لیے یکساں سہولت ہونی چاہیے، خصوصی ٹریٹمنٹ نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ صحت کے معاملے پر حکومت کا مقف تبدیل ہوا ہے نہ آئندہ تبدیل ہوگا۔ حکومت نے صحت کے معاملے پر کسی قسم کی طنز یا تضحیک نہیں کی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے شفاف طبی معائنہ کرایا گیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔عطا تارڑ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے معائنے کے وقت ان کی ہمشیرہ اور شفا اسپتال کے ڈاکٹرز موجود تھے۔ معائنہ شفاف طریقے سے ہوا اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل تھے۔ انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا۔
