اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں شاندار استقبالیہ اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اور قومی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جسے انہوں نے سراہتے ہوئے یادگار شہداء اور پاکستان کی قومی تاریخ سے گہری وابستگی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر داخلہ کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں ایک شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
دورے کے موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
