اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ سے اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیویلپمنٹ کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن الخلاوی نے ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون، مسلم ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان تجارت، کاروبار اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے مؤثر روابط اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے اسلامک چیمبر کو مسلم خطے کی معاشی ترقی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے کر خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات میں اسلامک فنانس، حلال انڈسٹری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور اسلامک چیمبر کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
عاطف اکرام شیخ نے اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیویلپمنٹ کے صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہا کہ اسلامک چیمبر کے صدر کے دورۂ پاکستان سے دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا اور باہمی اقتصادی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔
