ہومبریکنگ نیوزپاکستان میں فلپائن کے سفیر سے راشد لطیف خان گروپ کے وفد کی ملاقات

پاکستان میں فلپائن کے سفیر سے راشد لطیف خان گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس ) فلپائن کے سفیر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے راشد لطیف خان گروپ کے وفد سے ملاقات میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان صحت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔راشد لطیف خان یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی کی قیادت میں وفد نے فلپائن کے سفیر سے خیرسگالی ملاقات کی۔

وفد میں آر ایل کے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر ایاز قیصر، ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آصف نور اور ڈی آئی جی کی چیئرپرسن ڈاکٹر فرحت آصف شامل تھیں۔ملاقات کے دوران پاکستان اور فلپائن کے درمیان صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا، جن میں تعلیمی تبادلے، وظائف، اساتذہ اور طلبہ کی نقل و حرکت اور مختلف تعلیمی و طبی اداروں کے درمیان شراکت داری شامل ہیں۔ فلپائن کے سفارتخانے نے آئندہ ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سمٹ پاکستان 2026 کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سمٹ میں حکومت، تعلیمی اداروں، صحت کے شعبے، صنعت اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے، جس کا مقصد باہمی تعاون اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ فلپائن کے سفارتخانے نے راشد لطیف خان گروپ کے ساتھ مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔