اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر اعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اصلاحات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے انہیں ،دیگر ادااروں کیلئے مثالی قرار دیا اور ریگولیٹری اداروں میں نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔
سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبید اللہ کی قیادت میں ڈریپ میں کی گئی اصلاحات کی بھرپور ستائش کی ،وزیر اعظم اس سے قبل بھی ریگولیٹری باڈی میں اصلاحات پر ڈاکٹر عبید اللہ کی تعریف کر چکے ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کا وفد تمام صوبوں کا دورہ کرے اور صوبائی حکومتوں کو ریگولیٹری اصلاحات کے عمل میں اعتماد میں لے، تاکہ ملک بھر میں کاروباری سہولت کاری اور ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ مشیر برائے صنعت ہارون اختر خان صوبوں کے دوروں کے لیے وفد کی قیادت کریں اور ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مثر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں۔
تمام وزارتیں اور ڈویژنز کابینہ کی جانب سے منظور شدہ اصلاحات پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ SIFC اور چیف سیکریٹری پنجاب مارچ 2027 تک ای-بز پنجاب اور بی ایف سی اسلام آباد کے انضمام کا عمل مکمل کریں۔ کاروباری اداروں کو ٹھوس فوائد حاصل ہونے چاہئیں اور وہ نجی شعبے کے ساتھ فعال تعاون کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں مثر طریقے سے آگاہی دی جائے اور ان سے استفادہ کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کو پنجاب حکومت کے E-BIZ کی طرز پر جدید بنایا جا رہا ہے۔ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر اور امپورٹ پالیسی آرڈر کو سہل بنایا جا رہا ہے۔ SIFC ریگولیٹری ریفارمز کے حوالے سے تمام صوبوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، سے رابطے میں ہے۔ کابینہ کی ریگولیٹری ریفارمز کمیٹی نے 7 ملٹی سیکٹرز میں 557 ریفارمز کی منظوری دی ہے، جس سے سالانہ 460 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ BFC سے 8,717 درخواستوں پر عمل درآمد شروع کیا گیا، جن میں سے 71 فیصد مکمل کی گئیں۔ اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر سے 4,612 نئے کاروباروں کو سہولیات فراہم کی گئیں۔ SIFC ریگولیٹری ریفارمز کے ساتھ پالیسی گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے۔
