اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے بلڈنگ اینڈ ہاوسنگ کنٹرول ونگ نے ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی کے فورم کے ذریعے سال 2026 کے دوران منعقدہ 7 اجلاسوں میں 42 کمرشل منصوبوں کا جائزہ لیا اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)کی حدود میں 37 منصوبوں کی منظوری دی۔ ان منصوبوں میں کمرشل عمارات، اپارٹمنٹ بلڈنگز، مکس یوز کے منصوبے، آفس یونٹس، ہاسٹل کی سہولیات، 5 مساجد اور ایک اسکول کی عمارت شامل ہیں جنکا مجموعی کورڈ ایریا 66لاکھ 90ہزا580 مربع فٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ان منصوبوں میں مجموعی طور پر 721 کمرشل یونٹس (دکانیں)، 1981 رہائشی یونٹس (فلیٹس)اور 362 آفس یونٹس شامل ہیں۔واضح رہے، مجوزہ منظوریوں کی موجودہ رفتار اور حجم اسلام آباد شہر میں تعمیراتی صنعت کو سہولت فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور شاندار پیشہ ورانہ طرز عمل کو فروغ دینے کیلئے سی ڈی اے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی طرح سی ڈی اے آئی سی ٹی آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 کے مطابق شہریوں کی حفاظت اور سلامتی میں کوئی سمجھوتہ کئے بغیر بلڈنگز منصوبوں کی باقاعدہ منظوری، کمپلیشن سرٹیفکیٹس کے اجرا اور ہاوسنگ سیکٹر میں دیگر ریگولیٹری منظوریوں سے متعلق عمل کو مزید سہل اور آسان بنانے کیلئے بھی انتہائی پر عزم ہے۔
