ہومپاکستاناقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی وی کو ہر سہ ماہی 3ارب 25 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی وی کو ہر سہ ماہی 3ارب 25 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری

اسلام آباد(سب نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے پی ٹی وی کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، پی ٹی وی کو ہر سہ ماہی 3 ارب 25 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے، کابینہ نے سیالکوٹ (سمبڑیال)تا کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے 27 ارب 62 کروڑ روپے کی سوورن گارنٹیز کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے اجلاس میں سرکاری شعبے کی مالی معاونت سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی)کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے اجرا سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے تفصیلی غور کے بعد پی ٹی وی سی کے آپریشنل اور ضروری اخراجات پورے کرنے کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر ہر سہ ماہی میں 3 ارب 25 کروڑ روپے کیفنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔کمیٹی نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو ہدایت دی کہ دو ماہ کے اندر پی ٹی وی سی کی مالی خود کفالت سے متعلق جامع منصوبے کے ساتھ یہ معاملہ دوبارہ ای سی سی کے سامنے پیش کیا جائے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارتِ مواصلات کی جانب سے پیش کی گئی ایک اور سمری پر غور کرتے ہوئے سیالکوٹ(سمبڑیال)تا کھاریاں موٹروے(ایم12)منصوبے کی تعمیر کے لیے بلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفرکی بنیادوں پر 27 ارب 62 کروڑ روپے مالیت کی خودمختار ضمانتیں جاری کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں اس منصوبے کے لیے پہلے سے جاری 6 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ روپے کے آپریشنل وی جی ایف کو رول اوور کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ان ضمانتوں سے رعایت یافتہ کمپنی کو منظور شدہ نئے مالیاتی ڈھانچے کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کی مالی تکمیل میں سہولت حاصل ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔