ہومپاکستانہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی، مریم اورنگزیب

ہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی، مریم اورنگزیب

راولپنڈی (سب نیوز)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کی شاندار کامیابی پر راولپنڈی کے عوام، مہاجرین کشمیر اور پارٹی کارکنوں کو دلی مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔اتوار کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام اور مہاجرین نے ایک بار پھر قائد مسلم لیگ(ن)محمد نواز شریف کے بیانیے پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تینوں نشستیں جیت کر انہیں تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری عوام آج بھی مسلم لیگ (ن)کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مہاجرین کشمیر نے اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ واضح کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ہی ان کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پولنگ کیمپ ویران رہے اور وہاں کارکنوں کی عدم موجودگی اس امر کی عکاس ہے کہ عوام نے انہیں مسترد کر دیا جبکہ ان کی پریس کانفرنس بھی انتخابی شکست کا کھلا اعتراف تھی۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور ہمارے دل کی دھڑکن ہے، کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ماضی کی طرح آئندہ بھی مہاجرین کشمیر اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور مہاجرین کی نشستوں کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ پہلے سے زیادہ موثر انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی واضح کر دیا ہے کہ کشمیری ہمارے لاڈلے ہیں جو پاکستان اور کشمیری عوام کے مضبوط رشتے کا مظہر ہے۔

دوسری طرف سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی۔ نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم نے انہیں مبارکباد دی تھی، لیکن آج آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی پر بلاجواز دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہزاروں ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں، ایسے میں ایک یا دو ووٹوں پر غلط مہر کا حوالہ دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازع قرار دینا درست نہیں۔سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پولنگ شروع ہونے کے فورا بعد ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے، جبکہ ساڑھے دس بجے ہی شکست کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس بھی کر دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)گولی اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،ان کے مطابق ایک مقام پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم پیپلزپارٹی نے اسے فائرنگ کا واقعہ قرار دے کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی، جبکہ کارکنوں کی جھڑپ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انتخابات ہر جماعت کی کارکردگی کا امتحان ہوتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ عوامی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے تو سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر بنائے، کیوں کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ہی ووٹ دیتے ہیں، انتخابی نتائج واضح کر رہے ہیں کہ عوام کا جوش و جذبہ کس جماعت کے ساتھ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔