ہومتازہ تریننائب چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس شیخ عماد العبود کی پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود سے ملاقات

نائب چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس شیخ عماد العبود کی پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود سے ملاقات

جدہ( خالد نواز چیمہ )جدہ چیمبر آف کامرس کے نائب چیئرمین شیخ عماد العبود نے اسکانکم کا دورہ کیا، جہاں پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، افرادی قوت کی ترقی، صنعتی تعاون اور باہمی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نائب چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس شیخ عماد العبود نے کہا کہ سعودی عرب، خصوصا جدہ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوڈ، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، ٹیکسٹائل، تعمیرات اور حلال انڈسٹری ایسے شعبے ہیں جہاں پاکستانی سرمایہ کار موثر کردار ادا کر سکتے ہیں، کیونکہ ان شعبوں میں پاکستان کی مہارت اور سعودی مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جدہ اسلامی بندرگاہ سعودی عرب کا ایک اہم تجارتی مرکز ہے، جس کی بدولت درآمدات و برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
جدہ چیمبر آف کامرس پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروباری روابط تجارتی نمائشوں میں شرکت، درآمد و برآمد کے طریقہ کار اور سرمایہ کاری سے متعلق رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔شیخ عماد العبود نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی مارکیٹ میں “میڈ اِن پاکستان” مصنوعات کے لیے روشن امکانات موجود ہیں، خصوصا معیاری غذائی اشیا، ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، فارماسیوٹیکل اور حلال مصنوعات سعودی صارفین کی توجہ حاصل کر سکتی ہیں۔پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے جدہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو فراہم کیے جانے والے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ملاقاتیں دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب، سعودی اداروں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری، تجارت اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔