کویٹ سٹی(آئی پی ایس )نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون کیا، جس میں دونوں رہنماں نے خطے کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سفارتی رابطے کے دوران کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح نے اپنی سرزمین پر جاری مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کی جانب سے تحمل اور ضبطِ نفس کا مظاہرہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔کویتی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد ایم او یو (یادداشتِ تفاہم) پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔بات چیت کے دوران شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور مصالحتی کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔جواب میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ہر صورت کیا جانا چاہیے اور اس وقت علاقائی امن و سلامتی کا تحفظ ہی سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد ایم او یو کے تحت جنگ بندی کے معاہدوں پر قائم رہنے کی اہمیت پر اصرار کیا اور کہا کہ فریقین کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی کو مزید ہوا دے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں بھی مشترکہ مفادات اور علاقائی معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
