اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی، جبکہ پرتگالی وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی سفیر ہیلینا مالکاتا نے کی۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کی نقل و حرکت، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر گفتگو کی۔
پرتگالی وفد نے سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی۔
مذاکرات کے اختتام پر دونوں ممالک نے مسلسل رابطوں کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
