اسلام آباد(سب نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے ملاقات کی، جس میں انسانی امدادی سرگرمیوں، علاقائی امن اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں اسحاق ڈار نے آفس فار دی کوآرڈینیشن آف ہیومنیٹیرین افیئرزکے عالمی سطح پر انسانی امداد کی فراہمی اور بحرانوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی آفات، خصوصا سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران اوچا کی خدمات قابلِ تحسین رہی ہیں اور پاکستان تنظیم کی انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں متاثرہ آبادی کو امداد کی فراہمی کے لیے اوچا کی جاری کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی ہمدردی اور متاثرین کی مدد کے اقدامات کا ہمیشہ حامی رہا ہے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے خطے میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مقاصد کے حصول اور عالمی انسانی امدادی سرگرمیوں میں پاکستان کی گراں قدر خدمات قابلِ ستائش ہیں، اور عالمی برادری ان کا اعتراف کرتی ہے۔
اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل کی ملاقات، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امدادی کوششوں کی حمایت کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
