راولپنڈی:(سب نیوز) ماجد ستی قتل کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم سمیت تین مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے تھانہ صادق آباد کے مقدمہ نمبر 2349/2022 کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو قتل کے جرم میں قصوروار قرار دیا۔
عدالت نے مرکزی ملزم فرخ امتیاز کھوکھر عرف تاجی کھوکھر کو دفعہ 302/109/114 کے تحت عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ مقتول کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے شریک ملزم امیر حمزہ کو بھی دفعہ 302/148/149 کے تحت عمر قید کی سزا سنائی اور اسے بھی مقتول کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں امیر حمزہ کو دفعہ 382-B کا فائدہ بھی دیا گیا۔
اسی طرح ملزم حیدر علی نواز عرف علی جوگی کو بھی دفعہ 302/148/149 کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے اسے بھی مقتول کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے دفعہ 382-B کا فائدہ دیا۔
عدالت نے تینوں سزا یافتہ ملزمان کے سزا وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ ماجد ستی قتل کیس کا مقدمہ 8 اگست 2022 کو تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق مؤثر تفتیش اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مجرمان کو سزا دلائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین مقدمات میں مجرمان کو قرار واقعی سزا ملنا قانون کی بالادستی اور انصاف کی فتح ہے۔
