اسلام آباد، (سب نیوز) : صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرانسیسی جمہوریہ کے صدر ایمانوئل میکرون اور فرانس کے عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور کثیرالجہتی شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ اقدار، امن، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی قانون سے غیرمتزلزل وابستگی کی بنیاد پر استوار ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی تعاون مستقبل میں مزید فروغ پائے گا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعلقات کے استحکام کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔
صدر مملکت نے باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
