ہومپاکستانایس ایم ایز کے فروغ کیلئے وزیراعظم کے اقدامات خوش آئند ہیں ، آئی سی سی آئی قیادت

ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے وزیراعظم کے اقدامات خوش آئند ہیں ، آئی سی سی آئی قیادت

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو آسان اور موثر مالی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے استحکام، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک دور رس اور بروقت اقدام قرار دیا ہے۔بدھ کو جاری اپنے بیان میں طاہر ایوب نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے، جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے، برآمدات میں اضافے، جدت طرازی کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو مالی وسائل تک محدود رسائی، پیچیدہ قرضہ جاتی نظام اور دیگر انتظامی مشکلات کا طویل عرصے سے سامنا رہا ہے، تاہم وزیراعظم کی حالیہ ہدایات ان مسائل کے مثر حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے خصوصی مالیاتی مصنوعات متعارف کرانے، بینکوں کے قرضہ جاتی نظام کو مزید مثر بنانے اور کاروباری ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر زور دینا حکومت کے کاروبار دوست وژن کا واضح اظہار ہے۔ ان اقدامات سے چھوٹے کاروبار جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنے، اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے، نئی سرمایہ کاری حاصل کرنے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت کو مزید مستحکم بنانے کے قابل ہوں گے۔قائم مقام صدر آئی سی سی آئی نے زرعی اجناس، پھلوں اور دیگر زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور پراسیسنگ سے وابستہ کسانوں اور کاروباری اداروں کے لیے مالی معاونت اور رہنمائی کی حکومتی پالیسی کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دیہی معیشت مستحکم ہوگی، فصلوں کے بعد ہونے والے نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی، زرعی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور زرعی شعبے میں جدید کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

طاہر ایوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، کمرشل بینکوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا تاکہ ملک میں کاروبار دوست ماحول، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور پائیدار معاشی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی وزیراعظم کے ایس ایم ایز کے فروغ کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت، آسان اور کم لاگت مالی سہولیات چھوٹے کاروباروں کی بقا، توسیع اور نئی سرمایہ کاری کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس قومی مقصد کے حصول کے لیے حکومت، سمیڈا، اسٹیٹ بینک اور بینکاری شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ وزیراعظم کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے اور اس کے ثمرات ملک بھر کی کاروباری برادری اور قومی معیشت تک موثر انداز میں پہنچ سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔