ہومپاکستانوفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان 2030-2027کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان 2030-2027کی منظوری دیدی

اسلام آباد (سب نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ کر دیا گیا ہے جس میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان 2030-2027 کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رواں برس بہترین حج انتظامات پر وزیر ِمذہبی امور سردار یوسف اور انکی ٹیم کی تعریف کی گئی، اجلاس میں نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، نئی حج پالیسی گزشتہ ایک سالہ حج پالیسی کے برعکس پہلی چارسالہ ہے، طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی،مجوزہ حج پالیسی کے نفاذ کیلئے ایس اوپیز اور دیگر ضوابط بنائے جائیں گے، سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پالیسی میں ترامیم کی جا سکیں گی۔
اعلامیہ کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک رجسٹریشن کرا سکیں گے، عازمین کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق حج رجسٹریشن کروا سکیں گے، رجسٹریشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی، ساتھ ہی شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ اسکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے، حج کے خواہشمند مستقبل میں حج کیلئے سیونگ اسیکم سے مستفید ہو سکیں گے۔
کابینہ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے ،ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام سے ہونگی ،شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی، پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، پالیسی کے تحت لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں، عازمین حج کی ضروری تربیت اور تکافل و ہنگامی رسپانس بھی پالیسی کا حصہ ہیں۔وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری شفاف اور خالصتا میرٹ پر جائے،پرائیوٹ و سرکاری حج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔