اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی حکومت نے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعظم معائنہ کمیشن (پی ایم آئی سی)کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا کی مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع کر دی ہے، جس کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بریگیڈیئر (ر)مظفر علی رانجھا کی بطور چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن کنٹریکٹ پر تعیناتی میں دو سال کی یہ توسیع یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔ وہ سابقہ شرائط و ضوابط کے تحت ہی اگلے احکامات تک اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ بریگیڈیئر (ر)مظفر علی رانجھا کی سربراہی میں وزیراعظم معائنہ کمیشن نے اپنی مقررہ مدت کے دوران وفاقی اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور انہیں درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے متعدد اہم اور ٹھوس سفارشات پیش کی ہیں، جن پر اس وقت وفاقی حکومت کی جانب سے عملدرآمد جاری ہے۔
اس کمیشن نے وفاقی اداروں میں جاری مختلف ترقیاتی اور عوامی منصوبہ جات سمیت دیگر اہم امور پر باریک بینی سے جائزہ لے کر وزیراعظم کو متعدد تفصیلی رپورٹس بھی ارسال کیں۔وزیراعظم معائنہ کمیشن کی اسی شاندار کارکردگی، شفافیت اور وفاقی اداروں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت نے ان کی مدت ملازمت میں اس توسیع کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا کی مدت ملازمت میں 2سال کی توسیع، نوٹیفکیشن جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
